وطن عزیز کی سالمیت کے لئے جان قربان کرنے والے شہدا کا خون قوم پر قرض ہے۔علامہ نیاز حسین

Lahore

Lahore

لاہور : وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ ریاض حسین نجفی، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری اور نصرت علی شاہانی نے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما قمرالزمان کی پھانسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کی سالمیت کے لئے جان قربان کرنے والے شہدا کا خون قوم پر قرض ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کے نام تعزیتی خط میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے رہنماوں نے جماعت اسلامی پاکستان اور بنگلہ دیش کے کارکنوں اور قمرالزمان شہید کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان قربانیوں سے عبارت ہے۔ جس کے لئے برصغیر کے مسلم عوام نے اپنی جانیں قربان کیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان کے محب وطن لوگ خصوصا ً جماعت اسلامی کے رہنما ملاعبدالقادر اور قمرالزمان پاکستانیوں کے محسن ہیں۔ جن کی جدوجہد اور قربانیوں کی قدردانی کرنا لازم ہے۔ شیعہ رہنماوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چند ماہ سے بھارت نواز بنگلہ دیش حکومت کے ہاتھوں پاکستان کی محبت کے جرم میں جماعت اسلامی کے رہنماوں کی شہادت پر حکومت، سیاسی مذہبی جماعتیں اور سول سوسائٹی نے مجموعی طور پر بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔