لاہور (جیوڈیسک) ملک میں سورج گویا سوا نیزے پر آگیا ہے۔ ہفتے کے روز بھی بیشتر شہروں میں چلچلاتی دھوپ نے شہریوں کو آزمائش میں ڈالے رکھا۔تاہم شام ڈھلے سندھ کے بعض شہروں میں ہلکی بارش ہوئی اور تیز ہوائیں چلنے لگیں۔
ہفتہ کی شام سندھ کے شہر جیکب آباد میں تیز ہواوٴں کے ساتھ ہلکی بارش نے کسی حدتک گرمی بھگائی، تیزہواوٴں نے مٹیاری کا بھی رخ کیا۔ ٹنڈوالہٰ یار میں آندھی کی وجہ سے مختلف مقامات پر سائن بورڈز گرگئے۔
دوسری جانب ملک بھرمیں گرمی کی شدت برقرار رہی۔ سندھ پنجاب اور بلوچستان کے اکثر شہروں میں پارہ 40 سینٹی گریڈ سے بھی اوپر رہا۔ سندھ کا ضلع سکھر 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا گرم ترین علاقہ رہا۔ نوابشاہ میں 43 اور ڈیرہ غازی خان میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ گرمی کی لہر آئندہ 24 گھنٹے برقرار رہے گی۔