ہرملک کو اپنے مفادات کے دفاع کا حق حاصل ہے: پینٹاگان

Pentagon

Pentagon

پینٹاگان (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی وزارت دفاع نے یمن کی آئینی حکومت کی طرف سے متحدہ عرب امارات پر عدن میں آئینی فوج پر بمباری کے الزامات مسترد کر دیے ہیں تاہم پینٹاگان کا کہنا ہے کہ ہر ملک کو اپنے مفادات کے دفاع کا حق حاصل ہے۔

پینٹاگان کی خاتون ترجمان ریپیکا ریپارچ نے ایک بیان میں کہا کہ ہرملک کو اپنے مفادات کے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔ ہرملک کی قیادت اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے کوئی بھی فیصلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نےیمن کی آئینی حکومت کی طرف سے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا جن میں کہا گیا ہے کہ امارات عدن میں سرکاری فوج کی تنصیبات پربمباری کرکے عبوری کونسل کے جنگجوئوں کی مدد کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کی آئینی حکومت کویہ سوالات اماراتی قیادت کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ الزامات سے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔

ادھر اماراتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے امارات کو اپنے دفاع اور عرب اتحاد کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے جوابی کارروائی کا حق ہے۔

اماراتی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ ابو ظبی یمن میں ریاست کے اندر ریاست قائم نہیں کررہی اورنہ ہی ریاستی اداروں سے ماورا کوئی عسکری گروپ تشکیل دینے پر کام کررہی ہے۔ اس حوالے سے یمن کی آئینی حکومت کے الزامات بے بنیاد ہیں۔