ملک کے بیشتر شہروں میں وقفے وقفے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور میں موسلادھار بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ شہریوں نے رمضان المبارک میں موسم ٹھنڈا ہونے پر خدا کا شکر ادا کیا۔
ملک میں جاری بارشوں نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے۔ پشاور اور گرد و نواح میں کالے بادل خوب جم کر برسے ہیں۔ شہر میں مون سون کی پہلی بارش سے گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے۔ جس سے شہری خاص طور پر روزہ دار خوشی سے نہال ہیں۔ اسلام آباد،راولپنڈی اور گرد و نواح میں بھی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے ۔ چہار سو کالی گھن گھور گھٹائیں چھائیں ہیں جس سے موسم سہانا ہے۔
لاہور میں بھی رات گئے بارش سے جل تھل ایک ہوگیا اور شہر میں جاری حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ شانگلہ میں بھی گرجتے بادل برس پڑے اور موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ادھر کراچی میں فیڈرل بی ایریا، بفرزون اور آئی آئی چندریگرروڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔ شہر میں مطلع ابر آلود ہے اور ٹھنڈی ہواں نے موسم دلفریب بنا رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی پنجاب، مالاکنڈ،ہزارہ اور قلات ڈویژن میں چند ایک مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔