لاہور (جیوڈیسک) رات گئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پہنچیں تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
ائیرپورٹ پر پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے قوی شاہینوں اور لنکن ٹائیگرز کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی۔ ایئرپورٹ سے دونوں ٹیموں کو سخت سیکورٹی حصار میں پی سی ہوٹل پہنچایا گیا۔
سری لنکن کپتان تھیساراپریرا نے پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ میزبان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران مال روڈ اور روٹ سے ملحقہ سڑکوں کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رکھا گیا۔
ٹیموں کی آمد کے لیے مختص راستوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں اور مہمان کھلاڑیوں کی قد آور تصاویر سے سجایا گیا۔ ٹیموں کے مقامی ہوٹل میں پہنچنے پر ہوٹل انتظامیہ اور آفیشلز نے ان کا پر تپاک استقال کیا جبکہ ان کی تواضع پر تکلف عشائیہ سے کی گئی۔
ٹیموں کے ہوٹل آمد کے بعد بند کی گئی شاہروں کو بھی عام ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔