ملک بھر میں جسٹس مقبول باقر پر حملے کیخلاف وکلا کی ہڑتال اور احتجاج

Lawyers Strike

Lawyers Strike

کراچی (جیوڈیسک )کراچی میں گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر بم حملے کیخلاف کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں وکلا عدالتی امور کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔ کراچی میں سندھ بار کونسل کی اپیل پر صوبے بھر میں عدالتی کارروائیاں معطل ہیں۔ وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔ وکلا کا مطالبہ ہے کہ جسٹس مقبول باقر پر بم حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

نواب شاہ، لاڑکانہ، بدین اور تھر پار کی عدالتوں میں وکلا کی ہڑتال کے باعث سائلین کو پریشانی کا سامنا ہے۔ نواب شاہ کی عدالتوں میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار میں بھی وکلا ہڑتال پر ہیں۔ وکلا کا کہنا ہے کہ ججز پر حملہ انصاف کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں وکلا کراچی واقعے کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ملتان، سرگودھا، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، جتوئی اور علی پور تحصیل میں وکلا ہڑتال پر ہیں۔ بلوچستان بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی عدالتی کاروائی کا بائی کاٹ کیا جا رہا ہے۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی وکلا ہڑتال پر ہیں۔