ملک میں جان بوجھ کر فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دی جارہی ہے: محمد زبیر صفدر

لاہور (16نومبر2013)  اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کو جان بوجھ کر ہوا دی جارہی، اسلام ہمیں امن رواداری ، مساوات، برداشت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، شرپسند عناصر ملک کا امن و امان خراب کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں طلبہ کے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے راولپنڈی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کروا کر ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور انہیں عبرت ناک سزا دی جائے، ملک میںجاری حالیہ فسادات کو کنٹرول کیا جائے۔

ناظم اعلیٰ جمعیت نے مزید کہا کہ ملک کا باشعور طبقہ طلبہ اس وقت اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، طلبہ کو آگے بڑھ کر ملک بچانے کے لئے فرقہ وارانہ فسادات روکنے کے لئے اقدامات کرنا ہو ں گے۔ اس وقت ملک دشمن عناصر ملی وحدت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔انہیں ناکام بنانا ہو گا۔