لاہور (جیوڈیسک) شہادت امام حسین اور اہل بیت کی قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عزاداران شہدائے کربلا کی یاد میں شبیہ علم اور ذوالجناح کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے۔ عزادار، سینہ کوبی، نوحہ خوانی، اور زنجیر زنی کرتے رہے۔
کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں کھارا در پہنچ کر ختم ہو گیا۔ شرکاء نے نماز ظہرین تبت سنٹر کے سامنے ادا کی۔ لاہور میں مرکزی جلوس اندورن موچی گیٹ نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ شرکاء نے نماز ظہرین رنگ محل چوک میں ادا کی۔ بڑی تعداد میں عزاء دار ماتم اور زنجیر زنی کر کے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے رہے۔ راولپنڈی میں امام بارگاہ کرنل مقبول سے نکلنے والے مرکزی جلوس امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر ختم ہوا۔ پشاور میں گیارہ چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے جو روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منازل پر پہنچے۔
کوئٹہ میں امام بارگاہ حسینی سے برآمد ہونے والے سفر علمدار روڈ پر پنجابی امام بارگاہ پہنچ کر ختم ہوا۔ ملتان میں بھی استاد کا تعزیہ امام بارگاہ شاہ رسال جبکہ شاگرد کا تعزیہ امام بارگاہ محلہ جھک پہنچ کر ختم ہو گیا۔ گوجرانوالہ میں امام بارگاہ حیدری روڈ سے شہر کا بڑاجلوس برآمد ہوا جو حیدری روڈ، جی ٹی روڈ اور گوندلانوالہ چوک سے ہوتا ہوا گھنٹہ گھر پہنچا۔ فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ سے برآمد ہوا جو اپنی منزل پر پہنچ کر ختم ہو گیا۔