اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ملک کے طول عرض میں گرمی کا راج۔ صبح صبح ملتان فیصل آباد 38، جبکہ لاہور میں درجہ حرارت 37 ڈگری سنٹی گریڈ ہوگیا ہے ۔ملک بھر میں سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے اور خوب گرمی بکھیر رہا ہے۔ گرمی کی شدت ہے کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے۔ ملک بھر میں موسم شدید گرم ہے، صبح ہوتے ہی سورج آگ برسانا شروع کردیتا ہے۔
جس کی تپش سے بچنے کیلئے لوگ گھروں یا سایا دار جگہوں میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ بازارو ں اور سڑکوں پر دن میں سناٹا چھایا رہتا ہے۔ کئی شہروں میں دن میں درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر جاتاہے۔
گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے لوگوں نے ٹھنڈے مشروبات اور پھلوں کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مزید چند روز جنوبی پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔