کراچی : آل کراچی مسابقہ حفظ وآل پاکستان مسابقہ قرأۃِ سبعہ میں جامعہ بنوریہ سب سے آگے رہا، دونوں مسابقوں میں پوزیشن ہولڈر طلبہ کو 3 لاکھ 60 ہزار روپے انعام دیئے گئے ۔گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ میں آل کراچی مسابقہ حفظ قرآن وآل پاکستان مسابقہ قرأۃ سبعہ کے فائنل مقابلے کا انعقاد کیاگیا جس میں مسابقہ حفظ میں شہر بھر کے مدارس کے 17منتخب طلبہ نے حصہ لیا، پہلی پوزیشن جامعہ بنوریہ کے عبداللہ ناصر اورمدرسہ فرقانیہ کے محمد احمد، دوسری پوزیشن مدرسہ عثمان بن عفوان کے محمد احمد اور تیسری پوزیشن درالعلوم کراچی کورنگی کے عثمان غنی نے حاصل کی۔
قرأۃِ سبعہ میں ملک بھر کے مدارس سے منتخب 6 طلبہ نے حصہ لیاجس میں جامعہ بنوریہ دارلقرآن کے حامد الحق نے پہلی ،محمد فضیل نے دوسری جبکہ مدرسہ تحفیظ القرآن فتحیہ کے وجاہت اللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی،منصفین کے فرائض معروف مشہور قاری مولاناقاری نذیر احمد مالکی ، مولاناقاری تسلیم غوری، مولانا قاری عطاء الرحمن،قاری عباس نے انجام دیئے جبکہ قاری سلطان اورمولانا انوار الحق نے اسٹیج سیکٹری کے فرائض انجام دیئے ، اس موقع پرجامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم ،ناظم تعلیمات مولانا عبدالحمیدغوری ، تحفیظ القرآن جامعہ بنوریہ عالمیہ کے نگران قاری عبدالمنان اور دیگر اساتذہ نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ اور مسابقے کے شرکاء میں نقدی انعام تقسیم کیے۔اس موقع پرمفتی محمد نعیم نے مسابقے کے احسن انعقاد پر شعبہ حفظ کے نگران قاری عبدالمنان سمیت ان کی پوری انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مدارس کا اصل مقصد قاری قرآن بنانا ہے جس پر روز اول سے گامزن ہیں اور اسی کو کاز بنایا ہوا ہے اسی میں کامیابی ہے، انہوں نے کہاکہ مدارس اپنی کارکردگی کے ذریعے سے سازشوں کا جواب دیتے ہیں یہی وجہ ہے مدارس کیخلاف ہر سازش کو اللہ تعالیٰ نے ناکام بنایا ہے ، اللہ تعالیٰ نے قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری خود اٹھائی ہے اور وہی مدارس کا بھی محافظ ہے ، انہوں نے کہاکہ مسابقوں سے طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے مدارس کو اس طرح کے مسابقوں کا انعقاد ہر سال کرنے چاہیں۔