اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں جلد ہی لوڈ شیڈنگ ختم کر دی جائے گی۔ اس سلسلے میں حکومت پوری سنجیدگی سے اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان خیالات کا اظہار پیرکے روز اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ تین سال میں اس مقصد کے حصول کیلئے مسلسل کام کیا ہے اور اس معاملے کو اولین ترجیح دی ہے۔
وزیراعظم محمد نوازشریف نے مختصر ترین ممکنہ وقت میں ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال جون سے پہلے آٹھ ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس نے مستقبل میں بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر یہ مسئلہ حل کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔
وزیراعظم نے بجلی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال کے آخر تک نظام میں مجموعی طور پر پانچ ہزار سات سو دس میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔
کمیٹی نے گھریلو، صنعتی اور تجارتی صارفین کیلئے مائع قدرتی گیسکے نئے کنکشن دینے کی منظوری دی۔