ملتان (جیوڈیسک) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ ملک بھرمیں بازار مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی سمری وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دی ہے۔ ملتان چیمبرآف کامرس کے وفد سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئےعابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ 3 صوبوں کے وزرائےاعلیٰ رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے پر متفق ہیں جب کہ سندھ کو منانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورٹ منرو میں میپکوملازمین کو یرغمال بنانے والوں کونشان عبرت بنادیں گے، ہرسال ڈھائی سے 3 سو ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے اگر بجلی چوری روک لیں توکشکول پکڑنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
واضح رہے کہ ڈیرہ غازی خان کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں میپکو کے اہلکاروں نے بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بجلی کے کئی کنڈے اور پی ایم ٹیز اتار لیں جس پر مشتعل افراد نے نا صرف پی ایم ٹیز قبضے میں لے لیں بلکہ ایس ڈی او سمیت عملے کے ارکان کو بھی یرغمال بنا لیا۔