کراچی (جیوڈیسک) ملک میں کہیں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔ پہلا روز پیر کو ہو گا۔ بھارت اور بنگلا دیش میں بھی ماہ مقدس کا آغاز تیس جون سے ہو گا۔ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک، امریکا اور یورپ میں اہل ایمان کل کا پہلا روزہ رکھیں گے۔
ماہ صیام کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت اجلاس کراچی میں ہوا۔ زونل کمیٹیوں کے ارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے۔
ملک بھر کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں سے بھی رمضان کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ بنگلہ دیش اور بھارت میں آج چاند نظر نہیں آیا اس لئے وہاں سوموار کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں گزشتہ روز کسی بھی علاقے میں چاند نظر آنے کے بعد سرکاری طور پر اتوار انتیس جون کو پہلے روزے کا اعلان کیا گیا۔ امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، یورپ اور کئی عرب ممالک میں مسلمان رمضان کا آغاز سعودی عرب کے ساتھ کریں گے۔
لبنان، مصر، فلسطین، اردن، کویت میں بھی مسلمان رحمتوں اور برکتوں سے سجے رمضان المبارک کا آغاز کل سے کریں گے۔
فقہ کونسل آف نارتھ امریکا، ترکی، یمن، روس اور کچھ یورپی ممالک کے مسلمانوں نے آج رمضان المبارک کے پہلے روزے کی برکتیں سمیٹیں۔