ملک میں جاری مون سون بارشوں کا زور کم ہو رہا ہے۔ پنجاب میں ہونے والی بارشوں سے رحیم یار خان خانپور کے قریب آب حیات میں پڑنے والے شگاف سے پانچ دیہات ڈوب گئے۔ ملک کے بیشتر شہروں میں ذراسی بارش کیا ہوئی کہ دریاں نے چھلکنا شروع کردیا۔ مختلف مقامات پر ندی نالوں میں شگاف سے منہ زور پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ رحیم یار خان خانپور کے قریب گزشتہ رات آب حیات میں پڑنے والا شگاف سو فٹ تک پہنچ گیا۔
محمکہ انہار کا عملہ شگاف پر کرنے کے لئے نہ پہنچ سکا۔ جس کے سبب پانچ دیہات زیر آب آگئے اور سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں اور لوگ نقل مکانی کرنے لگے۔ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سندھ میں ابھی بارش تو شروع نہیں ہوئی لیکن شکار پور گڑھی یاسین کے قریب کیرتھر کینال میں بیس فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا۔ جس سے فصلیں زیر آب آگئیں۔ ادھر کراچی میں رات گئے رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ خیبر پختون خوا میں بھی رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور میں ہلکی بارش اور ابر آلود موسم نے فضا پر کیف بنا رکھی ہے۔
مردان اور گردونواح میں بھی رات گئے بارش ہوئی۔ جس سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری مون سون بارشوں کی شدت میں کمی آرہی ہے۔ تاہم آج بھی خیبر پختون خوا، اسلام آباد، راول پنڈی، گوجرانولہ ،لاہور ڈویژن اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے۔