کوئٹہ (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر حصے دھند اور سخت سردی کی لپیٹ میں آ گئے، گوجرانوالہ، سیالکوٹ میں شدید دھند کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
بالائی بلوچستان میں برفباری اور کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی بارش نے موسم شدید سرد کر دیا،شمال مغربی سرد ہواؤں نے کراچی سمیت پورے سندھ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔
ملک کے بیشتر حصوں میں ایک بار پھر دھند اور سردی نے پنجے گاڑ لئے ہیں۔شمال مغربی سرد ہواؤں نے کراچی سمیت پورے سندھ کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ لاہور میں گزشتہ رات دھند کی چادر تنی رہی تاہم ائیر پورٹ کو پانچ گھنٹے بعد پروازوں کیلئے کھول دیا گیا۔ موٹروے ایم ون، پشاور سے راولپنڈی اور موٹر وے ایم ٹو راولپنڈی سے پنڈی بھٹیاں تک بھی موسم صاف ہے۔
ملتان اور گردونواح میں دھند کا سلسلہ جاری ہے حد نگاہ 300 میٹر تک ہے۔جی ٹی روڈ پر جہلم سے گوجرانوالہ تک دھند ہی دھند اور حد نگاہ 50 سے 150 میٹر تک ہے۔ موٹروے حکام کا کہنا ہے دھند سے متاثر علاقوں میں فوگ لائٹس اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
فیصل آباد شہر کو دھند نے ایک بار پھر اپنی آغوش میں لے لیا ہے، سیالکوٹ اور گرد و نواح میں بھی شدید دھند ہے۔ کوئٹہ اور گرد نواح میں موسم سرما کی پہلی برفباری اور بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
پہاڑوں نے سفید برف کی چادر اوڑھ لی جبکہ شہر میں برف بارش ہونے کے باعث جم نہیں سکی۔محکمہ موسمیات نے گزشتہ 4 روز سے جاری دھند کی شدت میں آج اور کل نمایاں کمی ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔