اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق ملک بھر کے تمام موٹروے عام ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے ہیں۔
ترجمان نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ایک بیان کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر تمام موٹر ویز پر مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ مال بردار، اشیائے خور و نوش اور فیول سپلائی والی گاڑیوں کو کم عملے کے ساتھ سفر کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ نجی گاڑیاں جس میں صرف 2 افراد ہوں اور اُن کے پاس سفر کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ یا ایمرجنسی ہو تو وہ موٹر وے پر سفر کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے ذرائع آمدو رفت بند ہیں۔
شمالی علاقہ جات کے علاوہ اندرون ملک 2 اپریل تک تمام پراوزیں بھی بند ہیں جب کہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں پر 4 اپریل تک پابندی عائد کی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے 34 ٹرینیں بند کردی گئی ہیں جب کہ کراچی کینٹ اسٹیشن پر ریل آپریشن بند کرکے کراچی سے ٹرینوں کی روانگی روک دی گئی ہے۔
ملک میں اشیائے خور و نوش کی بروقت فراہمی کے پیش نظر گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گڈز ٹرانسپورٹ کو آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی مغربی اور مشرقی سرحدوں کو مزید 2 ہفتوں کے لیے بھی مکمل طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے 1496 افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 12 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔