ملک بھر میں نویں محرم کے جلوس اور مجالس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

Muharram

Muharram

لاہور (جیوڈیسک) نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور کل اتوار کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے۔ کراچی میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے 12 بجے برآمد ہوگا جو حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے روٹس پر سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے تین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کئے گئے ہیں، جہاں سی سی ٹی وی کیمروں سے 473 مقامات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید سے ملاقات کی، انہیں رینجرز حکام کی جانب سے محرم الحرام پر کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

لاہور میں بھی نویں محرم کے حوالے سے شہر میں چھوٹے بڑے جلوسوں اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے، ذاکرین مصائب اہل بیت بیان کر رہے ہیں، عطیہ اہل بیت نکلسن روڈ سے ذوالجناح برآمد ہو گیا، جبکہ مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا۔ مرکزی جلوس نوری بلڈنگ، بلاک سیداں، نوری بلڈنگ، اسلام پورہ، نیلی بار گراونڈ اور سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پہنچے گا۔

خیمہ سادات میں مجلس میں شرکت کے بعد واپس اپنے راستوں سے ہوا پانڈو سٹریٹ اختتام پذیر ہو گا۔ پشاور میں جلوس سے پہلے شہر میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی، سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں، روہڑی میں نویں محرم کا جلوس برآمد ہوگیا، جس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ جلوسوں کی نگرانی کیلئے جگہ جگہ سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ ملک کے دیگر شہروں میں بھی نویں محرم کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں اور سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں۔

مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہونگے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کل 10 محرم الحرام کو اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے 9 اور 10 محرم الحرام کے روز فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

صوبائی سب کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں 9 اور 10 محرم الحرام کو شہر میں موبائل فون سروس مکمل بند رہے گی۔ راولپنڈی، فیصل آباد، سیالکوٹ، بہاولنگر، ڈی جی خان میں بھی موبائل سروس بند رہیگی، محکمہ داخلہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ موبائل سروس آج جزوی طورپر جبکہ کل مکمل طور پر بند رہیگی۔

ذرائع کے مطابق موبائل فون سروس جلوسوں کے روٹس پر بند رہے گی جو کہ جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ اسلام آباد میں نویں محرم کے جلوس کی وجہ سے جی سکس سے ملحقہ علاقوں میں موبائل سروس جلوس کے خاتمہ تک بند رہے گی۔ پنجاب میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ وزارت داخلہ میں قائم خصوصی مانیٹرنگ سیل پورے ملک میں سکیورٹی صورتحال کو مانیٹر کرے گا۔

لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے گئے۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

جلوس کے راستوں میں بغیر اجازت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق آج ہفتہ 9 محرم الحرام اور کل اتوار 10محرم الحرام کو بھی صوبے بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک معطل رکھی جائے گی۔