اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نیب چلے گا یا معیشت لیکن یہ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔
سابق صدر آصف زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں سے واپسی پر انہوں نے میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب دیے۔
ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ ’ملک میں یا نیب چلے گا یا معیشت، دونوں ساتھ نہیں چل سکتے‘۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا حکومت 5 سالہ مدت پوری کرے گی؟ اس پر سابق صدر نے ’خدانخواستہ‘ کہا۔
مولانا فضل الرحمان کی تحریک میں شمولیت سے متعلق سابق صدر نے کوئی جواب نہیں دیا اور صرف ’انشاءاللہ‘ کہا۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے لندن جانے سے متعلق سوال پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ’اللہ سب کو صحت دے، اگر میاں صاحب کو ضرورت ہے تو لندن چلے جائیں، وہ کہاں جائیں گے‘۔
آخر میں سابق صدر نے صحافیوں سے کہا کہ ’پھر نہیں کہنا میں بولتا نہیں ہوں‘۔