لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حکومت اور ارباب اختیار سے مطالبہ کہا ہے کہ قومی مسائل پر اے پی سی بلانے کے ساتھ قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم، تمام نسلی و لسانی اکائیوں میں احساس محرومی کے خاتمے اور سب کو برابر کا پاکستانی ہونے کا عملا احساس دلانے کیلئے ملک میں فی الفورنئے صوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے اور ملک میں نئے انتظامی یونٹس کی تشکیل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے۔
نئے صوبوں کے فی الفور قیام کا عمل ملک کی فلاح وبہبود سلامتی اور خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ الطاف حسین نے یہ انتہائی اہم مطالبہ آج ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الطاف حسین نے اپنے خطاب میں پاکستان کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اکابرین، سیاسی قیادت، دانشوروں، ملک بھر کے عوام بشمول طلبا و طالبات، خواتین ، مزدوروں، کسانوں، ہاریوں، مزارعین اور محنت کشوں کو مخاطب کرتے ہوئے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ پاکستان کی بقا وسلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔
ایسے وقت میں جبکہ پوری دنیا بشمول ترقی یافتہ ممالک اور ویٹو پاور رکھنے والی بین الاقوامی طاقتیں بھی غیر یقینی معاشی صورتحال ، بگڑتی ہوئی امن عامہ کی صورتحال ، غربت و افلاس کی جانب بڑھتے ہوئے قدم ، بے روزگاری کے عروج ، تعلیم وصحت کی ناقص کارکردگی کے ساتھ عسکری میدان میں بھی انتہائی غیریقینی کیفیت اور عدم استحکام کا شکار ہیں۔
دنیا کے ہرخطے پر تیسری جنگ عظیم کے آغاز کی گونج سنائی دے رہی ہے ایسی نازک صورتحال میں پاکستان جیسے غیرترقی یافتہ اور قرضوں میں جکڑے ملک کی سلامتی کے بارے میں ارباب اختیار کو تمام لسانی، نسلی ،ثقافتی ،علاقائی، مسلک و عقیدے و دیگر تفرقات سے باہر نکل کر پاکستان کی دیرپا بقا، سلامتی اور خوشحالی کیلئے حقیقت پسندانہ پالیساں بنانی ہوں گی اور یہ پالیسیاں بناتے ہوئے انہیں کڑوے گھونٹ پینے پڑیں توانہیں ملک کی سلامتی وبقا کی خاطر یہ کڑوے گھونٹ بھی پینے پڑیں گے۔