ملک بھر میں شب معراج نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی

Pakistan

Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں شب معراج نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی اور فرزندان توحید نے رات بے پایاں عبادت میں گزاری۔

شب معراج کے موقع پر ملک بھر کی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا اور گھروں میں چراغاں کیا گیا، اس کے ساتھ ساتھ فرزندان توحید نے رات عبادت میں گزاری جب کہ مساجد میں علمائے کرام نے نبی کریم ﷺ کے سفر معراج کے واقعات اور فضائل کو اجاگر کیا۔

ستائیس رجب کی اس باربرکت رات کو حضرت محمد مصطفٰیﷺ کو معراج کا شرف عطا کیا گیا اور اللہ تعالیٰ نے رحمتہ اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺکو آسمانوں کی سیر کرانے، عالم آخرت دکھانے اور بالمشافہ اپنی زیارت و ملاقات کے لئے معراج کی سعادت عطا کی جب کہ اس شب کو ہی اللہ تعالیٰ نے سرورِ کونین ﷺ کو عذابِ دوزخ سے نجات کا سبب بننے والی 5 وقت نماز کا تحفہ عنایت فرمایا۔

معراج کا سفر دو حصوں پر مشتمل ہے۔ پہلے حصے میں حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ساتھ بیت اللہ سے بیت المقدس کا سفر جس میں مختلف مقامات پر ٹھہرنا اور نماز ادا کرتے ہوئے پہنچنا شامل ہے جب کہ دوسرا حصہ بیت المقدس سے تمام آسمانوں سے ہوتے ہوئے، مختلف انبیا علیہ السلام سے ملاقات، جنت اور دوزخ کے احوال دکھائے جانے اور اللہ تعالیٰ کی زیارت پر مشتمل ہے۔ اس سفر میں بیت المقدس میں تمام انبیا علیہ السلام کی حاضری اور رسول اللہﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کرنا بھی شامل ہے۔