راولپنڈی (جیوڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا ہے کہ چھوٹو گینگ نے غیر مشروط ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا جب کہ ملک میں موجود تمام نوگوایریاز کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چھوٹو گینگ نے 12 ساتھیوں سمیت غیر مشروط ہتھیار ڈال دیے ہیں جب کہ تمام مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے اور وہ ہماری تحویل میں ہیں جن کی تمام ضروریات پوری کی جارہی ہیں جب کہ مغویوں میں 24 پولیس اہلکاروں کے علاوہ 24 خواتین، 44 بچے اور 4 بزرگ شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ چھوٹو گینگ کے ہتھیار ڈالنے والے افراد ہماری تحویل میں ہیں جن میں چھوٹوگینگ کا لیڈرغلام رسول بھی شامل ہے جب کہ چھوٹو سے حساس اداروں کی تحویل میں تفتیش ہوگی اور تب تک یہ فوج کی تحویل میں رہیں گے، تفتیش کی بنیاد پر مزید آگے بڑھیں گے اور چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں کو صاف کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچا جمال میں موجود یہ جزیرہ جو نوگوایریا بن چکا تھا یہ بڑا مشکل جزیرہ تھا، ہر طرف دریا اور اندر گھنا جنگل تھا، کچھ علاقے ایسے بھی تھے جہاں دلدل تھی، بنکرز بھی بنے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تمام ڈاکو ہتھیار نہیں ڈال دیتے ہم جزیرے کو خالی نہیں کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بغیر کسی نقصان کے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت دی کہ اس جزیرے سمیت ملک میں موجود تمام نو گو ایریاز کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا ہے اوراس جزیرے میں موجود ڈاکوؤں کو زندہ یا مردہ ہر صورت پکڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کامبنگ آپریشن کریں گے اور جہاں ہمیں محسوس ہوگا کہ ہماری مدد کی ضرورت ہے ہم وہاں جائیں گے اور پورے ملک کوکلیئرکریں گے، جب کام شروع ہوگا تو سب کو پتا چل جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے پولیس کے بھائی شہید ہوئے ہیں، ہم اس معاملے کو ایسے نہیں جانے دیں گے۔