لاہور (جیوڈیسک) فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں مذہبی جماعتوں نے یوم یکجہتی فلسطین منایا، نماز جمعہ کے بعد فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف احتجاج اور مظاہرے کیے گئے جس میں اسرائیلی مظالم کی شدید ترین مذمت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جماعت الدعوۃ پاکستان، متحدہ علما محاذ پاکستان، شیعہ علماء کونسل کراچی ڈویژن، مجلس وحدت مسلمین پاکستان، پاکستان سنی تحریک،جمعیت علماء پاکستان، پاکستان علماء کونسل، ملی یکجہتی کونسل، اہلحدیث یوتھ فورس، سربراہ تحریک صراطِ مستقیم کے زیراہ تمام نماز جمعہ کے بعد مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔
نماز جمعہ میں علماء اسرائیلی بربریت کیخلاف قراردادیں بھی منظور کرائیں، مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل امریکہ کے اشاروں پر نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، او آئی سی، عرب لیگ ودیگر مسلمان ملکوں کے ادارے وحکمران کھل کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔ قبلہ اول بیت المقدس اور مظلوم فلسطینیوں کو یہودیوں کے تسلط سے آزاد کر وانا مسلمانوں کا دینی ، شرعی و اخلاقی فریضہ ہے۔
پاکستان ، سعودی عرب و دیگر مسلم ممالک فلسطینی مسلمانوں کی زندگیاں بچانے کیلیے تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لائیں،عالمی برادری اسرائیلی بربریت کا نوٹس لے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ خواجہ اثنا عشری مسجد کھارادر پر کیا۔
مجلس وحدت المسلمین لاہور نے جامعہ امامیہ مسجد سمن آباد سے شباب چوک تک ریلی نکالی ،وکل نے جی پی او چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ہے مسلم حکمران اکٹھے ہو کر اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے کہا ہے کہ حکومت اسرائیلی دہشت گردی کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھائے۔