جماعت الدعوتہ کا پورے ملک کے کونے کونے میں احیائے نظریہ پاکستان مہم چلانے کا فیصلہ

Lahore

Lahore

لاہور : جماعت الدعوتہ چکوال کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ نثار نے کہا ہے کہ دشمنان اسلام کی خوفناک سازشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جماعة الدعوة نے پورے ملک کے کونے کونے میں احیائے نظریہ پاکستان مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لوگوں کو قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔اس سلسلہ میں23مارچ کو چکوال میں پروگرام کیا جائے گا۔

آج نوجوان نسل کے ذہنوں سے پاکستان کا مطلب کیا’ لاالہ الااللہ کا نعرہ نکالنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ان کی پوری کوشش ہے کہ پاکستانی قوم کو فکری انتشارکا شکار کر دیا جائے اور ان کے اسلامی تشخص کو تبدیل کر دیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز دارالسلام چکوال میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا عبداللہ نثار نے کہا کہپاکستان بنانے کا مقصد یہ تھا کہ یہاں اسلام کے سنہرے اصولوں پر مبنی ایک اسلامی اور فلاحی ریاست کا قیام عمل میںلایا جائے ۔ جب پاکستان بنا تھا تو پوری قوم کلمہ توحید کے نعرے لا الہ الا اللہ محمدالرسول اللہ پر متحد تھی جس سے فرقہ واریت ختم ہو گئی اور اپنی تمام تر کمزوریوں کے باوجود پاکستان جلد ہی اپنے پائوں پر کھڑا ہونا شروع ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ہم دوبارہ دو قومی نظریے کی طرف نہیں لوٹیں گے تب تک ملک دشمنوں کی سازشوں کے تحت اسی طرح مذہبی و گروہی تقسیم کا شکار رہے گا اور ہمارے تمام مسائل جوں کے توں رہیں گے۔ دین اسلام کی تعلیمات ہی اصل میں دوقومی نظریے کی بنیاد ہے اور اسی وجہ سے پاکستان اسلام دشمن عناصر کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے ۔دشمن اسی بنا پر اس ملک کے خلاف آئے روز سازشوں کے تانے بانے بنتے رہتے ہیں۔

پاکستان میں جاری بد امنی اور دیگر مسائل کی اصل وجہ یہی ہے کہ ہم نے دو قومی نظریے کو پس پشت ڈال دیا اور دشمنوں کو کھل کھیلنے کا موقع مل گیا ۔ ہمیں پاکستان کے بنیادی نظریے کی طرف پھر سے لوٹنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔