کراچی (جیوڈیسک)کراچی میں منگل کی شب اچانک بادل چھاگئے ، تیز ہوائیں چلیں اور بارش شروع ہوگئی۔ گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد، پاپوش نگر، لسبیلہ، گرومندر اور قرب و جوار میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ نارتھ کراچی میں اولے بھی گرے۔ جڑواں شہروں اسلام آباد راولپنڈی میں بھی شام ڈھلتے ہی کالی گھٹائیں چھاگئیں اور بادل جم کر برسے۔
منگل کو ملک کے دیگرعلاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ گلگت بلتستان کے اضلاع غذر اور استور میں ہلکی برفباری اور بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ سوات کے علاقے مینگورہ میں بھی بارش ہوئی۔
سندھ اور پنجاب کے بعض علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور کم ہوگیا۔ منگل کو سب سے کم درجہ حرارت کالام میں صفر اورسب سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں 39 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، بالائی پنجاب، مالاکنڈ،ہزارہ ڈویژن اور بالائی سندھ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔