ملک کو امن کا گہوارا بنانے کے لیے حکومت میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔ حلیم عادل شیخ
Posted on February 27, 2014 By Majid Khan کراچی
کراچی : مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں لاء اینڈ آڈر کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے پورے سندھ میں ڈاکو راج ہے وزیراعلی سندھ کے اپنے ضلع میں بہت سے لوگ اغوا ہیں جن کی رہائی کے لیے ابھی تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے ہیں ۔حکومت اخلاقی ،آئینی ،قانونی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرکے حکومت چلانے کا حق ادا کرے۔اپنی حکومتی مدت کو پورا کرنے کیلئے معصوم شہریوںکو عذاب میں ڈالنا دانشمندی نہیں ہے۔ ملک کو امن کا گہوارا بنانے کے لیے حکومت میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔
ریاست کی مضبوطی ہماری مضبوطی ہے اور ہماری کمزوری ریاست کی کمزوری ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ حکمران اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے اس بات کی فکر کریں کہ عوام پر کیا گزر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سکیرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا اس وقت حکومت کو چاہئے کہ وہ ہر قومی مسئلے کو اتفاق رائے سے حل کرے۔ عوام سے مزید قربانیاں مانگنا یا انہیں مزید مشکلات میں ڈالنا کسی طور جائز نہیں۔ کچھ سیاستدان اپنے ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو آپس میں لڑا رہے ہیں۔ ملک کے موجودہ حالات ایسے ہیں جنہیں سبھی مل کر حل کرسکتے ہیں مگر حکومت شروع سے لے کر آج تک سولو فلائٹ کی خواہش مند ہے انہوں نے کہا کہ سندھ میں آئے روز بھیانک وارداتوں کا ہونا معمول کا حصہ ہے افسوس اس بات کا ہے کہ اس میں حکومت بالکل بھی سنجیدہ نہیں۔
سندھ بھر میں عام آدمی سے لے کر میڈیا کے نمائندوں تک کوئی بھی محفوظ نہیں۔ سندھ میں محب وطن اور غریب سندھیوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے۔ شام کے بعد لوگ گھروں سے خوف کی وجہ سے نہیں نکلتے تعلیم اور صحت کا مکمل فقدان ہے اور اس بات کی سندھ حکومت کو قطعی پرواہ نہیں ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ قوموں کے مسائل غیر سنجیدگی سے حل نہیں ہوتے،اس کے لیے ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کو ساتھ لیکر چلنا پڑتا ہے اور ن کی رائے کا احترام کرنا پڑتا ہے۔ کراچی کی طرح پورے سندھ میں آپریشن کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے سب سے پہلے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا بہت ضروری ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com