ملک کے میدانی علاقوں میں بدستور شدید گرمی، پارہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا

Heat

Heat

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے میدانی علاقے اب تک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور تیز بارشیں بھی گرمی کا زور توڑنے میں اب تک ناکام نظر آرہی ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے جاری گرمی کی لہر نے نظام زندگی شدید متاثر کر رکھا ہے اور آج بھی اکثر علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔ ملک میں اب تک سب سے ذیادہ درجہ حرارت بہاولنگر میں ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہید بے نظیر آباد، ڈیرہ غازی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ اور نورپورتھل میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

بھکر ، ملتان ، ساہیوال، پنجگور، قصور ،موہنجودڑو اورجھنگ میں 38، حیدرآباد ، لاہور ، راولپنڈی ، جوہر آباد ، منگلا ،کوٹ ادو، فیصل آباد 37 ، منڈی بہاؤالدین ، لیہ ، سکھر ، بہاولپور ، رحیم یار خان 36 ، پشاور ، کوئٹہ ، سیالکوٹ ، گجرات ،گوجرانوالہ ، جہلم ،خانپور اورگوادر میں 35 جبکہ شہر قائد کراچی میں اب تک درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں جنوب مغرب سے 10 سے 12 ناٹیکل مائل کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پش گوئی کی ہے کہ کراچی کا پارہ مزید بڑھ سکتا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے شدید گرم اور خشک رہیں گے ، تاہم آج شام تک ہزارہ ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، لاہور ، فاٹا ، اسلام آباد اور کشمیر میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ مالاکنڈ، مردان ، پشاور ، کوہاٹ میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے پشی گوئی کی ہے کہ ڈی آئی خان ، ڈی جی خان ، ملتان ، بہاولپور ، فیصل آباد ، سرگودھا ، کوئٹہ ، سکھر میرپورخاص اور حیددرآباد میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔