اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر سے پولیو کے مزید 5 نئے کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 253 ہو گئی ہے۔
ملک بھر میں حکومتی سطح پر پولیو کے خلاف ہنگامی اقدامات کے باوجود روز بہ روز اس وائرس میں مبتلا بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اورآج بھی پولیو کے 5 مزید کیسز سامنے آئے ہیں۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق پولیو کے کیسز کراچی، قلعہ عبداللہ، ایف آر بنوں، خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد رواں برس ملک بھر سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 253 تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں ڈھائی سال بعد پولیو مہم کا آغاز کیا گیا جہاں مہم کےدوران ایک ہزار 349 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا کا کہنا تھا کہ پولیو مہم شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک کے 4 دیہات شنکیال، سیلمی خیل، نوال اور زمان گاؤں میں چلائی گئی جو جون 2012 کے بعد شمالی وزیرستان میں یہ پہلی پولیو مہم ہے۔
ادھر کراچی میں 11 حساس یونین کونسلز میں چلائی جانے والی 3 روزہ پولیو مہم ختم ہو چکی ہے جس کے باوجود ان علاقوں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ہی نہیں گئے۔