لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی بحران سے دوچار ہے، سب کو مفادات سے بالا تر ہو کر پاکستان کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ وزیراعظم نواز شریف کو بھارت کو جواب دیناچاہئے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کیلئے سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے اور سب کو مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے بارے میں سوچنا چاہئے، وفاق اور صوبائی حکومتیں اپنی بقا کی جنگ میں مصروف ہیں۔ سراج الحق نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کیا کہ جنگ مسلط کی گئی تو مودی سمجھ لیں کہ جنگ میں بڑے ملک کو بڑا نقصان ہوتا ہے۔ مودی سرکار اپنے ملک میں غربت کے خاتمے پر توجہ دیں، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو بھارت کو جواب دینا چاہئے، آنکھیں اور کان بند کرکے مسائل کا حل ممکن نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ وکلاء نے ہر دور میں آمریت کا مقابلہ کیا،مشرف نے عدلیہ پر شب خون مارا تو وکلاء نے اہم کردار ادا کیا۔ وکلاء برادری آئین اور جمہوریت کی حفاظت کیلئے ہراول دستہ ہے۔