ملک بھر میں عوام بجلی کی طویل بندش کا عذاب جھیل رہے ہیں

Load Sheting

Load Sheting

ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے عوام کو عذاب میں مبتلا کر دیا۔ کراچی کے مختلف علاقے رات بھر تاریکی میں ڈوبے رہے۔

ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مختلف شہروں میں عوام بجلی کی طویل بندش کا عذاب جھیل رہے ہیں۔ لاہور فیصل آباد سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں بجلی کی مین لائن میں خرابی کے باعث متعدد علاقوں میں بارہ گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رات بھر کراچی تا حد نگاہ اندھیر نگری کا منظر پیش کرتا نظر آیا۔ لیاقت آباد دس نمبر اور ناگن چورنگی پرغیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ستائے علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ شاہ فیصل کالونی نمبر تین چار اور پانچ میں اڑتیس گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی۔ علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ جس کے باعث مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔