ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔ بلوچستان میں بجلی کے متاثرہ ٹاورز کی مرمت سست روی سے جاری ہے سترہ اضلاع اب بھی بجلی سے محروم ہیں۔
حکومتی وعدے وفا نہ ہو سکے۔ شہر شہر اذیت ناک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ملک میں بجلی کا شارٹ فال تین ہزار ایک سو میگاواٹ ہوگیا۔ ملک میں بجلی کی پیدا وار تیرہ ہزار چھ سو میگا واٹ جبکہ طلب سولہ ہزار سات سو میگاواٹ ہے۔
طویل لوڈ شیڈنگ سیعوام کا جینا محال ہو گیا ہے۔ ایسے میں عوام کبھی خاموش ہیں کہیں ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کر رہے ہیں۔ تمام تر حکومتی دعووں کے باوجود شہریوں کو اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
فیصل آباد ،لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دس سے چودہ جبکہ دیہات میں اٹھارہ گھنٹوں سے بھی زیادہ لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام کے سروں پر مسلط ہے۔ کراچی میں رات گئے ہلکی پھوار کیا پڑی شہر کے بتیس فیڈر ٹرپ کر گئے۔ سندھ اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں سحر و افطار میں لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے۔
بلوچستان میں تخریب کاری کے باعث بجلی کے متاثرہ ٹاورز کی مرمت کا کام ست روی اور خوف کے سائے میں جاری ہے۔ جس کی وجہ سے بلوچستان کے سترہ اضلاع میں بجلی تاحال بحال نہیں کی جا سکی۔