لاہور (جیوڈیسک) ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کا فرق چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیاہے۔ پنجاب کے بڑے شہروں میں بجلی کی بندش 12گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں بندش 20گھنٹے تک پہنچ گئی۔
پنجاب میں لوڈشیڈنگ کا جن اچانک بے قابو ہو گیا ہے جس نے بجلی غائب کردی ہے۔ شارٹ فال 6ہزار میگاواٹ ہوتے ہی لاہور اور بڑے شہروں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کےلیے لوڈشیڈنگ جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہا ت میں یہ بندش 20گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔ صنعتی اور کمرشکل اداروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی 2گھنٹے بڑھا دیا گیا ہے۔
بجلی کی بندش 10سے بڑھ کر 12گھنٹے ہونے سے صنعتی اور کمرشل اداروں میں پیداوار ی عمل شدید متاثر ہورہاہے۔ ملوں میں ایک شفٹ بند ہوگئی ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے کی وجہ تیل کی کمی بتائی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے اکثر پاور ہاؤس اپنی صلاحیت سے کم بجلی پیدا کررہےہیں۔ لاہور میں تاجر رہنماؤں نے لوڈشیڈنگ میں فوری کمی نہ کیے جانے پر ہڑتال کی دھمکی دی ہے۔