ملک کی مختلف جیلوں میں سزائے موت کے 9 مزید قیدیوں کو پھانسی دے دی گئی

Hanging

Hanging

لاہور (جیوڈیسک) ملک کی مختلف جیلوں میں سزائے موت کے9 مزید قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ جیل جھنگ میں سزائے موت کے 2 قیدیوں غحلام محمد اور ذاکر حسین کو علی الصبح پھانسی دے دی گئی۔ غلام محمد نے 2000 میں اپنے سالے کو قتل کیا تھا جب کہ ذاکر حسین نے ذاتی دشمنی پر ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

اٹک جیل میں تہرے قتل کے مجرم اسد خان کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، اسد خان نے 2002 میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کو قتل کیا تھا جب کہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں طاہر بشیر نامی مجرم کو پھانسی دی گئی، طاہر بشیر نے 2000 میں سبزہ زار کے رہائشی ارشد علی کو قتل کیا تھا۔

سنٹرل جیل فیصل آباد میں بھی سزائے موت کے 2 مجرموں کو پھانسیاں دے دی گئیں۔ شفاقت علی اور محمد سعید نے 1998 میں 2 سگے بھائیوں کو قتل کیا تھا۔

فیصل آباد میں قتل کے مجرم عرفان عرف شانی نامی کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا گیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بھی قتل کے مجرموں شوکت اور محمد شبیر کو پھانسی دے دی گئی۔

میانوالی جیل میں احمد نواز کوتختہ دار پر لٹکایا گیا۔ احمد نواز نے 1998 میں جاوید نامی شخص کو قتل کیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک کی مختلف جیلوں میں سزائے موت کے 12 مجرموں کو پھانسیاں دی گئی تھیں۔