اسلام آباد(جیوڈیسک)اسلام آباد پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک آج بڑی مشکلات میں گھرا ہوا ہے جس سے نکالنے کا ایجنڈا صرف مسلم لیگ ن کے پاس ہے۔شیر آئے گا اور ملک کے مسائل حل کرے گا۔پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے اسلام آباد میں تاجروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو آج بڑے چیلنجز درپیش ہیں مگر دوسری جماعتوں کے پاس پاکستان کے مستقبل ،ترقی اور خوشحالی کے لئے کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
یہ مسائل صر ف مسلم لیگ ن ہی حل کرسکتی ہے۔انتخابات جیت کروزیراعظم کے عہدے پر بیٹھنا خواہش نہیں بلکہ ملک کو ترقی ،خوشحالی اور امن کی راہ پر ڈالیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کو وہی مقام دلائیں گے جو99میں ملک کو ایٹمی قوت بناکر دلایا۔ملک میں آج صرف لوڈشیڈنگ ہی نہیں،بدامنی اورشدت پسندی بھی اہم مسائل ہیں۔جنہیں حل کرنا جان جوکھوں کا کام ہے مگر یہ مسائل ہم حل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومتوں پر کبھی کرپشن کا الزام نہیں لگا۔
ہماری حکومت بنی تو تاجروں،صنعت کاروں اورمزدوروں سمیت تمام شعبوں کے افراد کی مشاورت سے پالیسیاں بنائی جائیں گی۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرکٹ کھیلی مگر صرف کرکٹ نہیں کھیلی ملک کو ایٹمی قوت بھی بنایا۔عوام شیر کے لئے میدان میں نکلیں ،شیر آئے گا اور ملک کے مسائل حل کرے۔