ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع، باران رحمت وقفے وقفے سے جاری

Rain

Rain

اسلام آباد (جیوڈیسک) مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم آیا تو بادل بھی چلے آئے اور پھر برسے بھی خوب۔ شہر اقتدار میں وقفے وقفے سے برستی بارش نے نظاروں کو نہلایا تو دلکشی بھی بڑھ گئی۔

مستانہ ہوائیں بھی سحر طاری کرتی رہیں۔ راولپنڈی میں بھی رم جھم کے بعد خنکی بڑھ گئی۔ لاہور میں سار ا دن آسمان پر سرمئی گھٹاؤں کا راج رہا۔ چھم چھم برستا پانی زندہ دلان کے دلوں کے تار بھی چھیڑتا رہا۔

باغوں کا شہر سارا دن بھیگتا رہا۔ فیصل آباد میں بھی گرجتی برستی گھٹاؤں نے رت بدل دی۔ ملتان میں بھی موسم سہانا ہوگیا۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ باران رحمت کا سلسلہ پیر تک جاری رہے گا۔ اس دوران کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوگی جبکہ پہاڑوں پر برف پڑنے کا امکان بھی ہے۔