ملک کے مختلف علاقوں میں بارش رک گئی، لاہور میں سورج کی کرنوں نے موسم حسین بنا دیا

Weather

Weather

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ رک گیا، لاہور میں سورج کی کرنوں اور سرد ہواؤں کے امتزاج نے موسم کو حسین بنا دیا، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم آج رات لاہور میں دھند پڑے گی۔

باغوں کے شہر لاہور میں کھلا کھلا نیلا آسمان ، روشن چمکدار دن، سورج کی تمازت اور سرد ہواؤں کے امتزاج نے موسم دلکش بنا دیا، دھند اور بادل چھٹ جانے کے بعد نظام زندگی رواں دواں ہے۔ شہر اقتدار اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی خون جما دینے والی سردی کے بعد سورج پوری آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے لیکن ہواؤں میں اب بھی بلا کی کاٹ ہے۔

کراچی میں شمال مشرقی تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئی ہیں جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں اب بھی بادل چھائے ہوئے ہیں۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا تاہم آج رات لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور، ملتان اور فیصل آباد ڈویژن میں دھند پڑے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بادل پھر برسیں گے۔