ملک بچانے آیا ہوں

Pakistan

Pakistan

پاکستان بچانے آیا ہوں یہ بات وہی شخص کہہ رہا جس نے کہا تھا پاکستانی عوام100روپے کلو آٹا خرید سکتے ہیں ۔اگرپاکستانی عوام 100روپے کلو آٹا خرید کر بھی پاکستان سے بھاگتے نہیں تو کیا وہ پاکستان بچا نہیں سکتے ؟عوام بھوکے پیاسے ہونے کے باوجود کہتے ہیں پاکستان میری جان ،پاکستان میری آن،شان اور مان اور حکمران عوام کا گوشت کھا کرپیٹ بھرنے کے بعد بیرون ملک مزے کرتے ہیں اورپھر کہتے ہیں ملک بچانے آیا ہوں ،کیا ملک صرف الیکشن کے دنوں بچایا جاسکتا ہے۔

جو الیکشن کا اعلان ہوتے ہی اقتدارحاصل کرنے آیا ہوں کہنے کی بجائے ملک بچانے آیا ہوں کہہ رہے ہو؟ اپنے جسم پر ہروقت بلٹ پروف جیکٹ پہننے والا پاکستان بچائے گا؟قارئین محترم کوئی کہتا ہے نیا پاکستان بنائیں گے،کوئی کہتا ہے پاکستان بنایا تھا اب پاکستان بچائیں گے ،کوئی کہتا ہے پاکستان بچانے آیا ہوں ،اگر کسی کے پاس میرے سوال کا جواب ہوتو ضروردے ۔

کیا پاکستان کاغذکی کشتی ہے ؟جوکوئی نئی بنانے کی بات کررہا ہے،کوئی بچانے کی بات کررہا ہے ۔وہی لوگ جوپچھلے 65سالوں سے پاکستان کے وجود کو نوچ رہے ہیں ،جوپاکستان کو مشکلات میں ڈالنے کے ذمہ دار ہیں۔الیکشن آتے ہی وہی عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے پاکستان بچانے کی بات کرتے ہیں۔جب سے ہوش سنبھالہ حکمرانوں و سیاست دانوں کے منہ سے ایک بات سنی ہے پاکستان شدیدمشکل میں ہے ۔آج مشکل زدہ کو کوئی ایک روپیہ اُدھار دینے کو تیار نہیں۔ دینے والا پہلے یہ دیکھتا ہے کیا مانگنے والے کے پاس کوئی ایسی چیز ہے جواُس کی رقم کا متبادل ہوسکے گی۔

اگر پاکستان اتنی ہی غربت میں ہوتا تو عالمی بینک پیسے لیے آگے پیچھے نہ پھرتا ۔عالمی طاقتیں حکمرانوں کو اپنا غلام بنائے رکھنے اور پاکستان کے وسائل ہڑپنے کے لیے لگاتار حکمرانوں کوکبھی دھمکا کرکبھی لالچ دے کر قرض کی لعنت میں جکڑتا جارہا ہے اور کوئی سیاسی قائد قرضے سے جان چھوڑانے کی بات نہیں کرتالیکن پاکستان بچانے کی بات سب کرتے ہیں ۔راقم کی نظر میں قرض اوربیرونی خیرات وصدقات ہی پاکستان کی سب سے بڑی مشکل ہے ۔سابق فوجی صدر پرویز مشرف بیرونی حمایت حاصل ہونے پربڑی مشکل سے پاکستان تشریف لانے میں کامیاب ہوئے اور آتے ہی نعرہ لگایا کہ پاکستان بچانے آیا ہوں۔

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اوروں کی طرح پرویزمشرف کابھی فرض ہے کہ وہ بھی اپنے حصے کا پاکستان بچاے لیکن سوال یہ پیداہوتا ہے کہ کل جب اپنے ہمسایہ ملک افغانستان کو جنگ کی آگ میں جھونکتے وقت امریکہ کی مکمل حمایت اور اتحادی کاکردار اداکرتے وقت جناب کوذرہ خیال نہ آیا کہ جب ہمسائے کا گھر جلے گا توہمارا گھر کیسے محفوظ راہ سکتا ہے ؟میری نظر میں پرویزمشرف کا پاکستان آنا اور سیاست میں حصہ لیناکوئی بُری بات نہیں۔

عوام کے جسموں کو زخموں و زخم کرکے جانے والا چارسال بیرون ملک خوب مزے کرکے آج واپس پاکستان آکر کہتا ہے میں پاکستان بچانے آیا ہوں ،ارے بھائی آپ سے کوئی پوچھے کہ جب تیرے پاس وردی اور صدارت کی طاقت تھی تب تو تُوپاکستان بچا نہیں سکا آج کیا ہے تیرے پاس جو پاکستان بچانے آئے ہو؟کیا پاکستان صرف زمین کے ٹکڑے کانام ہے۔

کیا پاکستان میں بسنے والی مخلوق کا پاکستان پرکوئی حق نہیں ؟اپنے دور اقتدار میں درجنوں پاکستانیوں کو فروخت کرنے والا کہتا ہے پاکستان بچانے آیا ہوں۔کہیں ایسا تو نہیں کہ پرویزمشرف پاکستانی عوام سے پاکستان بچانا چاہتا ہے؟آج پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا ہے اُن میں سب سی بڑی مشکل معاشی بدحالی ہے ۔

شکر ہے کسی سیاست دان نے معاشی دھماکہ کرنے کی بات بھی کی میں میاں محمد نوازشریف کے بیان کا خیر مقدم کرتاہوں اور دعاگو ہوں کہ پاکستان کے تمام سیاست دان میاں محمد نوازشریف کی طرح سوچنے لگ جائیں تاکہ پاکستان کو جلدسے جلد معاشی بدحالی سے نکال کر خوشحالی کی طرف لیجایا جاسکے۔

Imtaz Ali Shekar

Imtaz Ali Shekar

تحریر:امتیازعلی شاکر
imtiazali470@gmail.com.
03154174470