کراچی (جیوڈیسک) کراچی سے خیبر تک سیکورٹی فورسز ان ایکشن، 33 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا، کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران رینجرز کے دو مقابلے ہوئے، اٹھارہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، بنوں اور پشاور میں بھی 15 دہشت گرد مارے گئے۔
کراچی سے خیبرتک سیکورٹی فورسز دہشتگردوں پر ٹوٹ پڑی ، درجنوں شدت پسندوں کو عبرت کا نشان بنا دیا ۔ کراچی میں رینجرز نے دو کارروائیوں میں اٹھارہ دہشتگردوں کو ٹھکانے لگایا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق منگھو پیر میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کی ، فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گردوں مارے گئے ، سپر ہائی وے پر کاٹھور کےقریب رینجرز کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ، رینجرز کی جوابی کارروائی میں سات دہشت گرد انجام کو پہنچے ، دونوں کارروائیوں میں تین رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
بنوں بکا خیل میں مروت کینال کے علاقے میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کی جس میں 4 شدت پسندوں کا خاتمہ کیا گیا ۔ پشاور کے علاقے ریگی میں پولیس اور پاک فوج کے مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن میں تین دہشتگردوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔
ڈی آئی خان میں کولاچی کے قریب ناکہ بندی کے دوران پولیس کا دہشتگردوں سے مقابلہ ہوا جس میں پولیس وین پر حملہ کرنے والے 4 میں سے 2 دہشتگرد مارے گئے ، ہنگو میں اورکزئی ایجنسی کےقریب غلوچینہ کے مقام پر سیکورٹی فورسز پردہشتگردوں نے حملہ کیا ، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
کوئٹہ سریاب روڈ پر ایف سی نے کارروائی کی جس میں دو دہشتگرد ہلاک ہوئے ، ہلاک دہشتگرد کالعدم تنظیم کے کارندے تھے ۔ دہشتگرد عبدالغفور ژوب ، اور جان محمد عرف ہجرت اللہ کا تعلق شمالی وزیرستان سے تھا ۔ جھڑپ کے دوران دو ایف سی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
فیصل آباد بائی پاس پر سیکورٹی اداروں اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں دو دہشتگرد ہلاک ہوئے جن کی شناخت نہ ہوسکی۔