اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں سول آرمڈ فورسز کی پیشہ وارانہ ضروریات کو پورا کرنے، کارکردگی کی مزید بہتر ی اور نئے ونگز کے قیام کے لئے 80 ارب سے زائد خرچ کئے جا چکے ہیں جو کہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت نہ صرف سول آرمڈ فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے بلکہ اس میں مزید بہتری اور فعالی کی خواہاں ہے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کا کہنا ہے کہ ایران اورافغانستان کے ساتھ سرحدوں کی موثرنگرانی، غیر قانونی انسانی آمد ورفت کی روک تھام، اسمگلنگ سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک کی اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں سول آرمڈ فورسز کی کاوشیں اور قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ پوری قوم سول آرمڈ فورسز کے افسران اور جوانوں کی انتھک محنت اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ داخلی سیکیورٹی سے متعلقہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ایف سی اہلکاروں کی تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے خصوصاً ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے۔
حکومت ِ پاکستان داخلی و خارجی سیکیورٹی کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کے اہم کردارکو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی تمام آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے اور انکی استعدادِ کار بڑھانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی موثرنگرانی، غیر قانونی انسانی آمد ورفت کی روک تھام، اسمگلنگ سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومتی سطح پر متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔