لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں شب برأت آج مذہبی جوش وخروش اور عقیدت واحترام کیساتھ منائی جائے گی، فرزندان اسلام شب بھر عبادت، نوافل کی ادائیگی، تلاوت قرآن پاک، ذکر اذکار میں بسرکریں گے، مساجد میں شب برات کے سلسلے میں محافل نعت، محافل ذکر سمیت خصوصی اجتماعات منعقد ہونگے جبکہ امت مسلمہ کی خوشحالی ملک وقوم کی ترقی وسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی، اس شب کی پرنور ساعتوں میں فرزندان اسلام بارگاہ رب العزت میں سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی بخشش کی دعائیں مانگیں گے۔
لاکھوں شہری قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے، قبرستانوں کے باہر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے،ملک بھر میں مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،اس رات کو مغفرت اور رحمت کی رات بھی کہا جاتا ہے،اس روز اللہ تعالیٰ سال بھر کے تمام دنیاوی امور کا فیصلہ کرتے ہیں جن میں پیدائش واموات بھی شامل ہیں،مسلمان شب بھر خصوصی دعائیں کر کے اپنے لیے بخشش کی دعائیں کرتے ہیں۔
شب برأت کے سلسلے میں شہر بھر میں مختلف مساجد کو برقی قمقوں سے سجا دیا گیا، شب برأت کی آمد سے قبل ہی شہر کی مختلف مارکیٹوں، بازاروں اور قبرستانوں کے باہر اور تین ہٹی سٹالز پر گلاب کے پھول سٹاک کرلیے گئے ہیں۔
شب برأت پر نذر و نیاز کا بھی بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جاتا ہے جبکہ گھروں میں سوجی، چنے اور دالوں کے حلوے سمیت دیگر پکوان بھی تیار کئے جاتے ہیں،ممتاز علمائے کرام نے شب برأت کی آمد پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شب برأت اللہ سے رحمت کی طلب اور اپنے گناہوں سے توبہ ومعافی کا درس دیتی ہے، اس رات پٹاخے پھوڑنا اور آتش بازی وغیرہ کرنا ہندو مذہب کی آمیزش ہے جو غیر شرعی ہے،یہ فعل مریضوں اور بیماروں کے لئے شدید تکلیف کا باعث بنتا ہے۔