ملک کی ابتر صورتحال کے باعث سرمایہ دار ملک چھوڑ رہے ہیں، ثروت اعجاز قادری
Posted on January 18, 2014 By Majid Khan لاہور
لاہور: سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کی ابتر صورتحال کے باعث سرمایہ دار ملک چھوڑ رہے ہیں، دہشتگرد آزادی کے ساتھ دندناتے پھر رہے ہیں، دہشتگرد ملک کو فرقہ واریت کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف قانون کا شکنجہ مضبوط کرنا ہو گا، کراچی میں قیام امن کیلئے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے دہشتگرد، ٹارگٹ کلرز کے خلاف کاروائی کی جائے، اعلانیہ ٹارگٹڈ آپریشن کے اثرات منفی ثابت ہورہے ہیں ،پاکستان سنی تحریک ہر قسم کی دہشتگردی قتل وغارتگری کی مذمت کرتی ہے، صوبائی حکومت کی قانونی، جمہوری، اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ قتل و غارت گری کو روکے اور عوام کو تحفظ فراہم کرے، کراچی کے حالات دن بدن ابتری کی طرف جارہے ہیں حکومت اور انتظامیہ صرف دعوئوں سے کام چلانے میں مصروف عمل ہیں آج تک ایک بھی ٹارگٹ کلر یا بھتہ خور عدالت کے ذریعے اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ روزگار اورمعاش ریاست کا اہم مقصد ہونا چاہئے اور معاشی ترقی ہی سے ریاست کی ترقی ہوتی ہے اس لئے تعلیم یافتہ ہنر مند شہریوں کو روزگار فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے ،انہوں نے کہاکہ ایک طرف تو مہنگائی کا جن عوام کے پیچھے چھوڑ دیا گیا تو دوسری طرف بیروزگاری کا عذاب بھی عوام کو جھیلنا پڑ رہا ہے، بدامنی، لاقانونیت، دہشتگردی کے باعث پہلے ہی سرمایہ دار اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے اپنا سرمائیہ اور انڈسٹریز بیرون ملک منتقل کررہے ہیں اور اب ستم ظریفی یہ ہے کہ مہنگائی سے غریب تو پریشان حال ہیں مگر سرمایہ دار بھی گھبرارہے ہیں جو کسی طور ملک کی معیشت کیلئے نیک شگون نہیں ہے حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com