کراچی (جیوڈیسک) ماہانہ صفائی و انسداد تجاوزات مہم کے دوران صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ رفاعی پلاٹس اور عوامی پارکس پر قائم تجاوزات کو قائم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ تجاوزات کی اجازت دینے والے محکمے کے افسران کو نہ صرف معطل کردیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر کے ایم سی کے زیر انتظام جلال الدین افغانی پارک پر قائم غیر قانونی فٹنس سینٹر اور پارک کے دوسرے حصے میں کینٹین کے نام پر چلائے جانے والے شیشہ پارلر کو مسمار کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر نے اچانک پارک پر پہنچ کر وہاں قائم تجاوزات کا خاتمہ اپنی نگرانی میں کروایا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ ارکان سندھ اسمبلی نواب تیمور تالپور اور فیاض بھٹ، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی مسعود عالم، اینٹی انکروچمنٹ کے ڈائریکٹر بلال منظر اور دیگر بھی موجود تھے۔