ملک کے دور دراز علاقوں میں جدید تعلیم کے ذرائع فراہم کئے جائیں : محمد زبیر صفدر
Posted on October 30, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے، دور افتادہ علاقوں کے باسیوں کو جدید تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال کے دورے کے دوران چترال،گرم چشمہ،کیلاش،دروش اور ملکو میں طلبہ پروگرامز ،ٹیلنٹ ایوارڈزاور سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کا شعبہ ہر دور میں تختہ مشق بنا رہا ، لیکن پھر بھی جدید معاشرے کے ساتھ مقابلے میں ناکام رہا،نصاب تعلیم کے ادبی اور معاشرتی مضامین سے نظریہ پاکستان کے تصور کو بتدریج حذف کیا جا رہا جبکہ سائنسی اور پیشہ ورانہ مضامین میں کسی قسم کی جدت پیدا نہیں کی جا رہی۔ ملک کی تعمیر اور سالمیت کے لئے نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ملک کو جواں جذبوں اور ہمالہ سے بلند حوصلوں کے مالک نوجوانوں کی ضرورت ہے۔
زبیر صفدر نے چترال میں تعلیم سہولیات نہ ہونے کے باوجود بھی باقی صوبے سے زائد شرح خواندگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے ہنگامی بنیادوں پرکام کی ضرورت ہے، چترال کے طلبہ کے لئے پوسٹ گریجوائٹ کالج اور یونیورسٹی قائم کی جائے تاکہ یہاں کے طلبہ کی تعلیم میں وسائل اوران کی غربت آڑے نہ آئے، اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک کی بہتری اور طلبہ و تعلیم کے فروغ کے لئے قوم کو ایک نیا راستہ دکھانے کے لئے ”تعمیر تعلیم سے ” کا سلوگن دیا ہے جو کہ اس وقت ملک کی اہم ضرورت ہے، واضح رہے کہ ناظم اعلیٰ چار روزہ تنظیمی دورے پر چترال میں ہیں جہاں پر وہ مختلف کالجز کے پروگرامز میں شریک ہوئے، چترال کے زعماء کی جانب سے انہیں وہاں کا روایتی لباس تحفے میں دیا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com