پشاور (جیوڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے، آپریشن پرامن اور بہادر قبائل کے خلاف نہیں بلکہ ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف ہے، جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکورٹر پشاور کا دورہ کیا جس میں انھیں شمالی وزیرستان آپریشن پر بریفنگ دی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا بلاامتیاز خاتمہ کیا جائے۔
قوم اور بہادر قبائل کے تعاون سے آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوگا، شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں، اس سے پہلے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا مقصد تمام دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرنا اور ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانا ہے۔