کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم راجپوت فیڈریشن کے مرکزی رہنماء راؤ مشتاق نے کہا ہے کہ قوم کو پرانے استحصالی کے بجائے نئے پاکستان کی ضرورت ہے جہاں فوری عدل و انصاف میسر ہو ملک بھر خصوصاً سندھ اور کراچی میں امن کے انقلابی اقدامات کا سہرا راجپوت سپوت جنرل راحیل شریف کے سر جاتا ہے جو کہ ملک کی بقا اور استحکام و خوشحالی کیلئے پائیدار بنیادوں پر امن کے قیام اور معاشرے سے دہشت گردی کے عنصر کو پاک کرنے کیلئے سرگرم ہیں ، اپنے ایک بیان میں PMRFکے مرکزی رہنماء راؤ مشتاق نے مزید کہا کہ ملک کے مسائل بے دریغ لوٹے جا رہے ہیں۔
قوم کو روٹی روٹی کو محتاج کردیا گیا ہے کرپشن اور لوٹ مار کیخلاف بلا امتیاز جاری کارروائیوں میںسیاسی لبادہ اوڑھے بڑے بڑے مگر مچھ گرفت میں آرہے ہیں جن کی گرفتاریوں پر قوم نہ صرف حیران بلکہ پریشان بھی ہے کیونکہ جب رہبر ہی رہزن کا روپ دھار لے تو اس ملک و قوم کا اللہ ہی حافظ ہے، راؤ مشتاق نے کہا کہ پوری راجپوت قوم آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔