کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک تکمیل پاکستان کے مرکزی نائب صدر و مسلم لیگ (ن) کراچی کمیٹی کے رکن خواجہ سلمان نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے سیاسی قوتوں کا متحد ہونا نیک شگون ہے 16دسمبر2014ء کو آرمی پبلک اسکول پشاور میں پیش آنے والا دہشت گردی کا واقعہ نہ صرف قابل مذمت ہے۔
بلکہ دور جہالت کی بد ترین مثال ہے ہمارا مذہب اسلام عورتوں اور بچوں پر رحم کا درس دیتا ہے مگر افسوس کے دہشت گردی کے عزائم کو پایہ تکمیل تک پہنچا نے کے لئے اسکول کے ننھے بچوں کو نشانہ بنا یا گیا اور مائوں کے گود اُجاڑ دیئے گئے۔
ان خیالات کا اظہار تحریک تکمیل پاکستان کے مرکزی نائب صدر و مسلم لیگ(ن) کراچی کمیٹی کے رکن خواجہ سلمان نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خواجہ سلمان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لئے ہمارے نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور لاقانونیت کی اصل وجہ جہالت ہے علم کو فروغ دیکر ملک کو معاشی ترقی اور عوامی خوشحالی سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔