ترکی (جیوڈیسک) صدر رجب طیب ایرودان نے آج صبح ضلع شرناک کے قصبے جزرے میں پولیس تھانے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر ایردوان نے اس حوالے سے اپنے بیان میں دہشت گرد تنظیم پی کےکے کے اس مذموم حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے مغفرت لواحقین کےلیے صبر جمیل اور زخمیوں کی فوری صحت یابی کےلیے دعا کی۔
صدر نے بیان میں کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پی کےکے کو ختم کرنے کےلیے ہمیں مقامی عوام کے تعاون کی سخت ضرورت ہے، ملک میں کافی عرصے سے دہشت گردی کی لعنت پھیل رہی ہے لیکن ہمارا عزم ہے کہ حکومت اور عوام مل کر اس لعنت کو ملک سے ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 15 جولائی کو جس طرح عوام نے اتحاد و اخوت کی مثال قائم کی تھی ہم اسی جذبے کا دوام چاہتے ہیں اور ہمارا یقین کامل ہے کہ قوم کی مدد سے ہم ان دہشت گردوں کو کبھی بھی اُن کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔