ملتان (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ دہشتگردی کو ہوا دینے کیلئے ڈرون حملہ کیا گیا لیکن ملکی خودمختاری کیلئے کشکول لے کر ڈو مور والوں پر مزید انحصار نہیں کریں گے۔
ملتان کے میپکو ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں دہشتگردی کی جنگ کو پاکستان نے اپنے کندھوں پر اٹھایا ہوا ہے لیکن اس کے باوجود ڈرون حملہ آپریشن کو تباہ کرنے کی سازش ہے جس پر سول اور ملٹری حکام ایک ہی پیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ حکومت نے خود مختاری کیخلاف رد عمل دے دیا ہے جس میں آرمی چیف اور وزیر داخلہ کا موقف واضح ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم کا نام نہیں اور اسی لیے عمران خان بھی اپنی زبان بندی کریں بصورت دیگر سیاست کسی اور طرف چل پڑے گی۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے سحر وافطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کیساتھ بجٹ میں کسانوں کو خصوصی ریلیف دینے کی بھی نوید سنائی۔