ملک کے بیشتر شہروں میں مون سون کی بارشیں جاری

Moon soon

Moon soon

ملک کے بیشتر شہروں میں مون سون کی بارشیں جاری ہیں۔ بالائی پنجاب، خیبر پختون خوا اور کشمیر میں جاری بارشوں نے موسم خوشگوار کر دیا ہے۔ تاہم سندھ اور بلوچستان کے اکثر علاقے اب بھی شدیدی گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

ملک کے کئی شہروں میں مینہ برسنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد میں رات گئے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے برس رہی ہے۔ جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ گجرات میں بھی چھائے گہرے بادل برس پڑے موسلادھار بارش کے باعث شہر اور گرد ونواح کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ حافظ آباد میں بھی موسلادھار بارش نے درختوں کو نہلا دیا۔ سرگودھا اور میانوالی میں بھی گرجتے بادل برس پڑے۔

پنجاب کے دوسرے شہروں کی طرح آج فیصل آباد اور سیالکوٹ میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ آج صبح ہونے والی بارشوں میں سب سے زیادہ بارش اسلام آباد سیدپور میں ترانوے ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس سندھ اور بلوچستان کے کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ گرمی دالبندین اور نوکنڈی میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، کشمیر، ہزارہ، قلات اور میر پور خاص ڈویژن میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔