وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک اس وقت بحران مافیا کے ہاتھوں میں ہے۔ ضروریات زندگی کے مصنوعی بحرانوں کے ذریعے کمائی کرنے والی خاندانی بادشاہت کے دور میں عوام کو سکھ کا سانس میسر آناکسی صورت ممکن نہیں۔
ملک میں جمہوریت کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا جا رہا ہے کبھی بجلی، کبھی گیس، کبھی پٹرول تو کبھی کھانے پینے کی چیزوں کی مصنوعی قلت کے ذریعے حکمران لوٹ مار میں مصروف ہیں حد یہ ہے کہ ملک کو قرضوں کے بوجھ در بوجھ تلے دبا کر اس کا دیوالیہ نکالا جا رہا ہے۔
قومی ادارے خساروں کا شکار ہیں جبکہ حکمرانوں کے کاروبار اور ملکی ،غیر ملکی اثاثے دوگنے چوگنے ہورہے ہیں جعلی اعدادوشمار کے ذریعے حکومت کرنے والوں نے عوام الناس کو ٹیکسوں کی ماردے رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ سال تک اقتدار میں رہنے کی باتیں کرنے والوں کو یہ جان لینا چاہیئے کہ قوم سے ان کا ایک ایک منٹ اقتدار میں رہنا برداشت نہیں ہورہا جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار میں آنے والوں کو اب جانا ہی ہو گا۔