اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک آج مزید 6 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 124 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 6521 تک پہنچ گئی۔
ملک میں ہونے والی 124 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ خیبر پختونخوا میں 42 جب کہ 41 ہلاکتیں سندھ میں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 34 ، بلوچستان میں 3، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔
آج کے کیسز کی صورتحال آج بروز جمعرات ملک میں اب تک کورونا کے مزید 221کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
آج اب تک پنجاب میں 216کیسز اور 6 ہلاکتیں جب کہ اسلام آباد سے مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
پنجاب پنجاب میں آج اب تک کورونا وائرس کے مزید 216 کیسز سامنے آئے ہیں اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی جانب سے کی گئی ہے۔
صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3232 اور ہلاکتیں 34 ہوگئی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں 701 زائرین، 1236 رائے ونڈ میں تبلیغی ارکان، 91 قیدی اور 1204 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
پنجاب میں ہونے والی 34 ہلاکتوں میں سے لاہور میں 14، راولپنڈی 9، ملتان 3، رحیم یار خان 2، گجرات 2، بہاولپور، جہلم، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 508 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 5 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 145 ہوگئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔
سندھ سندھ میں بدھ کورونا وائرس کے مزید 150 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1668 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 41 ہوگئی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 133 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 560 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا خیبرپختونخوا میں بدھ کو 47 نئے کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 42 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 912 ہوگئی۔
صوبے میں مزید 13 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 191 ہوچکی ہے۔
بلوچستان بلوچستان میں بدھ کو مزید 33 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 281 ہوگئی جب کہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 3 ہے۔
صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رپورٹ ہونے والے کیسز مقامی طورپر متاثرہ افراد کے ہیں۔
لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں کورونا کے 137 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
آزاد کشمیر آزاد کشمیر سے بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔
پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
گلگت بلتستان گلگت بلتستان میں بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 237 ہو گئی۔
دو نئے کیسز استور اور ایک نگر میں سامنے آیا جبکہ گلگت بلتستان میں زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 56 رہ گئی ہے۔
گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 178 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔
خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔
کورونا ہلاک ہونے والے شخص کی لاش میں کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے؟ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کووڈ-19 یعنی جان لیوا کورونا وائرس متاثرہ مریض کی لاش میں چند گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔
ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔
تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سندھ میں لاک ڈاؤن مزید سخت سندھ حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حجام اور کپڑے والوں کو دکانیں کھولنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے جب کہ ڈبل سواری پر صرف خاتون کے ساتھ اجازت ہوگی اور 3 سے 4 بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیرون ملک سے والے پاکستانی 7 دن ہوٹل میں رہیں گے وفاقی حکومت نے وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کو قرنطینہ میں رکھنے کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی ہے جس کے تحت بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی اب ائیرپورٹ سے فوری ہوٹل منتقل کیے جائیں گے جہاں انہیں 48 گھنٹے کے بجائے اب 7 روز تک ہوٹل میں رہنا ہوگا۔
پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلیے ملک کے 6 بڑے ائیرپورٹس کھول دیے گئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کے مطابق ان ائیرپورٹس کو 15 سے 18 اپریل تک بیرون ممالک پاکستانیوں کو لانے کے لیے کھولا گیا ہے جن پر صرف بین الاقوامی پروازیں آپریٹ ہوں گی۔
سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔
ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔
25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔
کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔
گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔